ووٹ دینے سے پہلے جانیں

اوک وِل (Oakville) کے 2026 کے بلدیاتی انتخابات (میونسپل الیکشن) میں ووٹ دینے کے لیے آپ کی رہنمائی

بلدیاتی حکومت ان خدمات کے بارے میں فیصلے کرتی ہے جو آپ روزمرہ استعمال کر رہے ہوتے ہیں۔ ان میں سڑکیں، پارکس، تفریحی مراکز، پبلک ٹرانزٹ اور برف ہٹانے کی خدمات شامل ہیں۔ جب آپ ووٹ دیتے ہیں تو آپ میئر، ٹاؤن کونسلرز، ٹاؤن اور ریجنل کونسلرز اور اسکول بورڈ ٹرسٹیز کے انتخاب میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں، جو آپ کے لیے ان اہم معاملات کے بارے میں فیصلے کرتے ہیں۔

آپ کا ووٹ آپ کے محلے اور آپ کی کمیونٹی کی تشکیل میں مدد دیتا ہے۔

اس اکتوبر میں ووٹ دینے کے لیے، آپ کو یہ سب کچھ جاننے کی ضرورت ہے۔

اہلیت

آپ ووٹ دینے کے لیے اہل ہیں، اگر:

آپ کی عمر کم از کم عمر 18 سال ہو

کینیڈا کے شہری ہوں

 ٹاؤن آف اوک وِل میں کسی پراپرٹی کے رہائشی، مالک یا کرایہ دار ہوں یا ایسے مالک یا کرایہ دار کے/کی شریکِ حیات ہوں

آپ صرف ایک مرتبہ ووٹ دینے کے حق دار ہیں، خواہ ٹاؤن آف اوک وِل میں آپ ایک سے زیادہ پراپرٹیز کے مالک ہی کیوں نہ ہوں یا ایک سے زیادہ کرایہ پر لی ہوئی ہوں۔

اہم ‎تاریخیں

پیشگی ووٹنگ

7 - 10 اکتوبر اور 13- 18 اکتوبر

انتخابات‎ ‎‎کا دن

پیر، 26 اکتوبر

اپنی ووٹر کی معلومات چیک کریں

یقینی بنائیں کہ ووٹرز کی فہرست میں آپ کا نام، پتہ اور اسکول سپورٹ کی معلومات تازہ ترین ہونی چاہیں۔ اگر آپ نے حال ہی میں رہائش تبدیل کی ہو، تو یقینی بنائیں کہ آپ کی ووٹنگ کی معلومات آپ کے موجودہ پتے سے مطابقت رکھتی ہوں۔

وزٹ کریں: elections.oakville.ca  اور: 

اپنی معلومات کی تصدیق کریں 

اپنا نام فہرست میں شامل کریں 

اپنا پتہ اپ ڈیٹ کریں 

آن لائن طور پر یہ تبدیلیاں کرنے کے لیے آپ کو ایک قابلِ قبول شناختی دستاویز درکار ہو گی۔

اگر آپ کو مدد درکار ہو یا آپ اپنی معلومات میں ذاتی طور پر خود جا کر تبدیلیاں کروانا چاہتے ہوں، تو ٹاؤن آف اوک وِل کے کلرکس ڈیپارٹمنٹس سے 905-815-6015 پر رابطہ کریں۔

آپ مناسب شناختی دستاویز کے ساتھ، ووٹ دیتے وقت بھی ذاتی طور پر اپنی معلومات اپ ڈیٹ کروا سکتے ہیں۔

بذریعہ ڈاک موصول ہونے والا ووٹر کارڈ

اگر آپ ووٹرز کی فہرست میں شامل ہوں، تو آپ کو ستمبر میں ووٹر کارڈ بذریعہ ڈاک موصول ہو جائے گا۔ اس پر ان تاریخوں اور مقامات کی معلومات درج ہوں گی جن پر آپ ووٹ دے سکیں گے۔

ووٹر کارڈ موصول نہیں ہوا؟ بالکل فکر نہ کریں۔ اگر آپ اہل ہیں، تو آپ پھر بھی ووٹ دے سکتے ہیں۔ اس صورت میں آپ کو ووٹنگ کے مقام پر شناختی دستاویز اپنے ساتھ لے کر جانا ہو گی۔

ووٹ دینے کی تاریخ اور مقام منتخب کریں

کسی بھی پیشگی ووٹنگ کے مقام پر قبل از وقت ووٹ دیں۔ انتخابات کے دن (26 اکتوبر) کو اپنے وارڈ میں موجود کسی بھی ووٹنگ کے مقام پر جا کر ووٹ ڈالیں۔ آپ صرف ایک مرتبہ ہی ووٹ دے سکتے ہیں۔

مقامات اور اوقات کار کے لیے elections.oakville.ca وزٹ کریں۔

ذاتی طور پر جا کر ووٹ نہیں دے سکتے؟ تو آپ اپنی طرف سے کسی اور فرد (پراکسی) کو بھی مقرر کرنے کے اہل ہو سکتے ہیں۔ مزید معلومات کے لیے elections.oakville.ca پر جائیں۔

شناختی دستاویز اپنے ساتھ لے کر جائیں

ووٹ دیتے وقت شناختی دستاویز دکھانا لازمی ہوتا ہے۔ اپنے نام اور پتے والی شناختی دستاویز اپنے ساتھ لے کر جائیں۔ قابلِ قبول شناختی دستاویزات کی مثالیں درج ذیل ہیں:

اونٹاریو کا ڈرائیورز لائسنس        

اونٹاریو کا فوٹو کارڈ

بینک یا کریڈٹ کارڈ کی حالیہ اسٹیٹمنٹ

حالیہ یوٹیلیٹی بل

حالیہ انشورنس پالیسی    

اگر آپ کو اپنا ووٹر کارڈ بذریعہ ڈاک موصول ہوا ہو، تو وہ بھی ساتھ لے کر جائیں۔

ووٹ ڈالیں

ووٹنگ کے مقام پر آپ کو بیلٹ پیپر دینے سے پہلے آپ کی شناختی دستاویز چیک کی جائے گی۔ آپ درج ذیل زمروں میں سے ہر ایک میں موجود اپنی پسند کے امیدوار کے نام کے سامنے X کا نشان لگائیں گے:

میئر

ٹاؤن کونسلر

 ٹاؤن اور ریجنل کونسلر

اسکول بورڈ ٹرسٹی

رسائی اور شمولیت

ووٹنگ کے تمام مقامات قابلِ رسائی ہیں اور آپ کی مدد کے لیے مختلف سہولیات اور خدمات بھی دستیاب ہیں۔

کیا آپ کو کسی دوسری زبان میں معلومات درکار ہیں؟ 240 سے زیادہ زبانوں میں فون پر ترجمانی کی سہولت کے لیے 905-845-6601 پر کال کریں